کنور نوید کا فاروق ستار پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے ڈاکٹر فاروق ستار پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ ذرائع کے مطابق دعوے میں فاروق ستار سے الزامات کا ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقامی عدالت میں دی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فاروق ستار نے مجھ پر 13 الزامات عائد کیے ہیں۔ لہٰذا ان کے ثبوت پیش کیے جائیں بصورت دیگر 50 کروڑ کا ہرجانہ بھریں۔درخواست جمع کرانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات چیت میں کنور نوید جمیل نے کہاکہ فاروق ستار اگر معافی مانگیں تو ہماری اعلیٰ قیادت انہیں معاف کردے گی۔ فاروق ستار کو ہم نے کنوینیئر منتخب کیا تھا۔ ہم نے فاروق ستار کوکئی مواقع دیئے مگر انہوں نے ہماری ایک نہ سنی۔ فاروق ستار کی وجہ سے تنظیم کو نقصان پہنچا اور الیکشن میں بھی ہمیں ان کی وجہ سے شکست ہوئی۔ کنور نوید جمیل نے کہا کہ فاروق ستار کے خلاف ایکشن لینے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔ جو 13 الزامات عائد کیے اس کا جواب فاروق ستار کے پاس نہیں۔