کنگ خان کی ’’زیرو‘ ‘شائقین کو متاثر نہ کرسکی
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی جس کے سبب فلم پہلے روز خاطرخواہ بزنس نہ کرسکی۔ شاہ رخ خان گزشتہ کئی سالوں سے ایک بھی بلاک بسٹر فلم دینے میں ناکام رہے ہیں تاہم ان کی نئی فلم ’’زیرو‘‘ سے نہ صرف شائقین بلکہ خود اداکار کو بھی امیدیں وابستہ تھیں۔ ہندوستانی تجزیہ کار ترن آدرش نے فلم کی ریلیز کے چند گھنٹوں کے بعد ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے فلم کو ناکام اور مایوس کن قرار دیا تھا اور اب ایک اور ٹویٹ کے ذریعے انہوں نے اپنی بات کا ثبوت بھی دیدیا جس میں انہوں نے فلم کے پہلے روز کی کمائی کا ریکارڈ بتایا۔انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی ’زیرو‘ کو ریکارڈ اسکرین ملی لیکن اس کے باوجود فلم خاطرخواہ کمائی کرنے میں ناکام رہی اور پہلے روز صرف 20 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی ۔ ایک صارف نے ٹویٹ میں ترن آدرش کے تجزیے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ہی سال میں بالی وو کے تینوں خانز کی فلم کو پہلے ہی روز فلاپ قرار دیا اور ان کا تجزیہ بالکل درست ثابت ہوا۔