ریاض ۔۔۔ واشنگٹن پوسٹ نے جمال خاشقجی اور قطر کے نادیدہ تعلق کی رپورٹ جاری کردی۔ قطری میڈیا جمال خاشقجی کے واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کیوں کرتا رہا اور اس حوالے سے من گھڑت کہانیاں دنیا بھر میں جاری کرکے خاشقجی کے مسئلے کو افسانوی شکل کیوں دیتا رہا؟ اسکا انکشاف واشنگٹن پوسٹ نے کیا ہے جس کےلئے جمال خاشقجی لکھا کرتے تھے۔ 200دستاویزات پر مشتمل قطر خاشقجی تعلق کا انکشاف کرتے ہوئے امریکی جریدے نے جمال خاشقجی کے مضامین کی تیاری کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ قطر کا ایک بین الاقوامی ادارہ اپنے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ”ماجی متشیل سالم کے ذریعے سے جمال خاشقجی کے مضامین کو کنٹرول کررہا تھا۔یہ ادارہ انکے مضامین کے افکار و خیالات کو ترتیب دیتا اور وہی واشنگٹن میں قطری سفارتخانے کے مترجم کے توسط سے انکے مضامین کے ترجمے انگریزی میں کرایا کرتا تھا۔ قطر نہ صرف یہ کہ مضمون کے موضوع کا انتخاب کراتا بلکہ مضمون کے لب و لہجے کی شدت اور تیزی کا فیصلہ بھی کیا کرتا تھا۔ دستاویزات سے پتہ چلا ہے کہ ماجی سالم سعودی عرب سے متعلق جمال خاشقجی کی ہر تحریر کو سخت سے سخت پیرائے میں پیش کرنے کا اہتمام کیا کرتے تھے۔ واشنگٹن پوسٹ نے اس امر کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی کہ قطر کے انٹرنیشنل ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر 2002ءمیں تل ابیب میں امریکی سفیر کے معاون کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔ یہ ادارہ خاشقجی کے کالموں کے موضوعات کو مناسب شکل دینے کیلئے ایک اسکالر کو محنتانہ بھی پیش کرتا تھا۔