مکہ مکرمہ ۔۔۔۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آخری آسمانی کتاب کیلئے ہماری زبان عربی کا انتخاب کرکے ہمیں اعزاز بخشا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری پیغمبر محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی ہمارے یہاں ہی مبعوث کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان عربی بنائی۔ اسکا تقاضا ہے کہ ہم عربی زبان کی اہمیت کو محسوس کریں۔یہ واحد زبان ہے جو ابتداءسے لیکر آج تک اپنی اصل شکل میں استعمال کی جارہی ہے۔ یہ وہ زبان ہے جو کسی اور زبان سے نہیں نکلی بلکہ یہ اپنے آپ میں خود مختار زبان کی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ اتوار کو عربی زبان کا عالمی دن منا رہے تھے۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ گورنریٹ نے ”ہم مثالی نمونہ کیسے بنیں“ کے عنوان سے خصوصی فورم کا اہتمام کیا تھا۔ خالد الفیصل نے اعلان کیا کہ آئندہ سال ہمارے فورم کا عنوان ”عربی زبان میں ہم دوسروں کیلئے مثال کس طرح بنیں“ ہوگا۔ خالد الفیصل نے ان عربوں پر کڑی نکتہ چینی کی جو گفت و شنید میں عربی کے ساتھ غیر ملکی زبانوں کے مفردات استعمال کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار متکلم کی ثقافت کا ترجمان ہے نہ عربی ثقافت کے عروج کا آئینہ دار۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ہمیں عربی زبان کو معاشرے کی جملہ ضرورتوں کے اظہار کا حقیقی وسیلہ بنانے کیلئے اسے سوشل میڈیا پر بھی رائج کرنا ہوگاتاکہ تبدیلی کا دھارا ہمارے عوام کو عربی زبان سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہ کردے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمیں اپنے آپ پر فخر ہے ، اگر ہمیں اپنا عرب تشخص پیارا ہے تو ہمیں اسلامی عرب زبان کے مقام و رتبے کی حفاظت کے حوالے سے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر یہ اعلان مناسب سمجھتا ہوں کہ آئندہ مکہ ثقافتی فورم کا موضوع ”ہم عربی زبان میں مثالی نمونہ کیسے بنیں“ ہوگا۔ اسکی تیاری رمضان بعد شروع کردی جائیگی اور نئے حج موسم میں اس پر عمل درآمد ہوگا۔ گورنر مکہ مکرمہ نے کہا کہ سب لوگ زندگی کے تمام شعبوں میں عربی زبان کاا ستعمال کریں۔ غیر ملکی زبانوں کے مفردات کا سہارا نہ لیں۔ میونسپلٹیاں اپنے اشتہارات اور بورڈز میں عربی زبان کو فروغ دیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ کمپنیاں اور ادارے اپنے نام خالص عربی زبان میں رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اندرون ملک ہی نہیں بلکہ پوری عرب دنیا کی سطح پر عظیم الشان ترقیاتی منصوبہ لیکر آگے بڑھ رہا ہے۔ اس عرب منصوبے کیلئے عربی زبان درکار ہے ۔ ہمیں مملکت سے اس کا پیغام دینا ہے۔ پوری عرب بلکہ مسلم دنیا کو یہ جتانا ہے کہ عربی زبان کل بھی موثر تھی ، آج بھی ہے اور آئندہ بھی یہ آفاقی زبان کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریگی۔ اس موقع پر عربی زبان سے دلچسپی رکھنے والے عرب اور غیر عرب کافی تعداد میں شریک ہوئے۔ انہوں نے سوالات کئے اور گورنر مکہ مکرمہ نے انتہائی محبت سے انکے جوابات بھی پیش کئے۔