یہ محض نواز شریف کو سیاسی میدان سے دور رکھنے کی سازش ہے، اس کے سوا کچھ بھی نہیں
ریاض( ذکاءاللہ محسن ) العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کے فیصلے پرمسلم لیگ ن کے رہنماﺅں نے نیب عدالت کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن ریاض کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ جمہوری ملک میں غیر جمہوری فیصلوں سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔سینیئر نائب صدر شیخ سعید کا کہنا تھا کہ یہ محض نوازشریف کو سیاسی میدان سے دور رکھنے کی سازش ہے اور کچھ بھی نہیں ۔ مسلم لیگ کے ورکرز کے حوصلے بلند ہےں۔ چوہدری سجاد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جس جانب دھکیلا جا رہا ہے اس سے عوامی ردعمل یقینی ہے ۔پاکستان کے اندر جمہوریت کے نام پر آمریت کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ محمود باجوہ،محمد اصغر چشتی، مخدوم امین تاجر، اسلم راہی، سید فرمان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نظریاتی جماعت ہے اس نے ملک وقوم کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ قیدوبند کی کوشش پہلے بھی ہمارے عزم کو کم نہیں کر سکی اب بھی ہم پورے عزم کے ساتھ اپنے لیڈر کے شانہ بشانہ ہیں۔