کرکٹ مداح 7سالہ آرچی شلر میلبورن ٹیسٹ میں "معاون کپتان "مقرر
میلبورن: آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی نے 7سالہ کرکٹ مداح آرچی شلر کو ہند کے خلاف تیسرے اور سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ کے لئے ٹم پین کے ساتھ ”معاون کپتان “مقرر کردیا ۔ آرچی شلر نے پرتھ ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشن میں بھی شرکت کی تھی ۔ اس وقت بھی اسے تیسرے ٹیسٹ کےلئے اسکواڈ کا حصہ بنانے کا اعلان ہوا تھا ۔ پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران آرچی کو بتایا گیا تھا کہ اس کی سب سے بڑی خواہش پوری کی جا رہی ہے اور اسے آسٹریلوی قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔ اب سلیکٹرز نے کہا ہے کہ آرچی شلر اس میچ میں ٹم پین کی معاونت کریں گے اور وہ ”کپتان “کے طور پر اپنا”پہلا ٹیسٹ “کھیلے گا ۔ دل کے مریض اس بچے کو ”میک اے وش فاونڈیشن “ کے زیر اہتمام اس کی سب سے بڑی خواہش پوری کرنے کا موقع دیا گیا ۔آرچی شلر3 ماہ کی عمر سے دل کے پیچیدہ مرض میں مبتلا ہے اور اس کے کئی آپریشن بھی ہو چکے ہیں ۔ کچھ عرصہ پہلے اس کے والد نے اس کی سب سے بڑی خواہش پوچھی تو اس نے کہا تھا کہ وہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا چاہتا ہے ۔ سوشل میڈیا پر یہ خواہش شیئر ہونے پر اسے پورا کرنے کا اہتمام کیا گیا اور اب وہ ہند کیخلاف ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین ٹیم کا معاون" قائد " ہوگا۔ آسٹریلوی کپتان ،ٹیم کوچ اور کھلاڑیوں نے اس کی شمولیت اور قیادت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ میچ کے دوران آرچی شلر ہمارے آس پاس ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں