ریاض ۔۔۔ ایک 21سالہ سعودی شہری امریکی سیکیورٹی حکام کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔ امریکہ سے سعودی عرب پہنچ گیا۔ امریکی حکام نے انتباہ دیا ہے کہ مفرور سعودی شہری کو امریکہ واپس لایا جائیگا۔ 21سالہ سعودی شہری پر الزام ہے کہ اس نے اگست 2016ءکے دوران ریاست اوریگن کے پورٹ لینڈ شہر میں ٹریفک حادثے کے دوران 15سالہ امریکی لڑکی کو بلا قصد قتل کردیا تھا۔ایک لاکھ ڈالر کی ضمانت پر سعودی کو رہا کردیا گیاتھا تاہم وہ جون 2017ءمیں مقدمے کی تاریخ سے دو ہفتے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے سعودی کو شام کے وقت یونیورسٹی تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دیدی تھی۔ ٹیکسی سے وہ یونیورسٹی جانے کے بجائے روپوش ہوگیا اور وہ ہاتھ میں بندھے تعاقبی کڑے سے نجات حاصل کرکے سعودی عرب فرار ہوگیا۔