ریاض۔۔۔ سعودی مجلس شوریٰ نے فروغ افرادی قوت فنڈ "ہدف" سے کہا ہے کہ وہ اصلاح و مرمت او رآپریشنل اسامیوں پر غیر ملکیوں کی اجارہ داری ختم کرائے۔ شوریٰ نے توجہ دلائی کہ گزشتہ برسوں کے دوران پیشہ ورافراد کی تیاری کیلئے قائم انسٹی ٹیوٹ اور ٹیکنالوجی کالجوں سے سعودی کثیر تعداد میں فارغ ہوئے ہیں اس کے باوجود اصلاح و مرمت او ر آپریشنل اسامیوں پر زیادہ تر غیر ملکی قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ مجلس شوریٰ نے فروغ افرادی قوت فنڈ کو ہدایت کی کہ وہ ایسے تمام اداروں سے ربط و ضبط پیدا کر کے غیر ملکی عملے کی جگہ تربیت یافتہ سعودی مقرر کئے جائیں۔ تدریجی طور پر یہ کام انجام دیا جائے۔ شوریٰ نے توجہ دلائی کہ اصلاح و مرمت اور آپریشنل اسٹاف کا حصہ بننے سے سعودی نوجوانوں کی لاتعلقی کے جو بھی اسباب ہوں افرادی قوت فنڈ ان کا پتہ لگائے، ان کا جائزہ لے اور درپیش رکاوٹوں کا ازالہ کرے۔ شوریٰ نے توجہ دلائی کہ اگر اس شعبے کی اسامیوں کی سعودائزیشن ہو گی تو ہزاروں سعودیوں کو روزگار مل جائیگا۔ اس سے قومی اقتصاد کو بڑا فائدہ ہو گا۔