باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز:آج 6ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی
سنچورین،میلبورن، کرائسٹ چرچ:آج روایتی باکسنگ ڈے پر3ممالک میں 3ٹیسٹ میچز کا آغاز ہو رہا ہے جن میں پاکستان، جنوبی افریقہ، ہند ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ میچوں کی میزبان جنوبی افریقہ ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کررہے ہیں۔ 26 دسمبر کو عام طور پر باکسنگ ڈے کہا جاتا ہے اوراس دن میلبورن میں ہونے والے کھیلوں کے تمام مقابلے اسی نام سے منسوب ہوتے ہیں۔ آسٹریلیا کے تاریخی میلبورن کرکٹ گراونڈ میں ہر سال 26 دسمبر سے 30 دسمبر کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ اب باکسنگ ڈے ٹیسٹ کہلاتا ہے اور اس کا باضابطہ آغاز 1980میں ہوا ۔ تاریخی طور پر کرسمس کے موقع پر آسٹریلوی ڈومیسٹک ٹیموںوکٹوریہ اور نیو ساوتھ ویلز کے درمیان میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچ کی روایت چلی آرہی تھی ۔ 51-1950 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا ایک میچ 22 دسمبر سے 27 دسمبر تک میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جنوبی افریقی ٹیم نے بھی ایک مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا تومیچ کے دوسرے روز باکسنگ ڈے تھا۔چھٹی کا دن ٹیسٹ میچ کے درمیان آنے پر 1980 میں کرکٹ کے قوانین مرتب کرنے والے انگلش کلب میرلیبون (ایم سی سی) نے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کرطے کیا کہ اب آسٹریلین کرکٹ ٹیم دورے پر آنے والی کسی بھی ٹیم کے ساتھ میلبورن کرکٹ گراونڈ میں ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر سے کھیلا کرے گی اور یہ روایت آج تک چلی آرہی ہے اور دیگر ملکوں میں ہونے والے ٹیسٹ بھی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کہلانے لگے ۔پاکستان ٹیم میلبورن میںاب تک 4 باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیل چکی ہے، پہلی مرتبہ 1983 میں کھیلا گیا میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوا جبکہ 2009 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں اور 2009 میں 170 رنز سے شکست دی۔پاکستان نے آخری مرتبہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ 2016 میں کھیلا تھا اور یہ میچ بھی آسٹریلیا کے نام رہا۔1980 کے بعد سے مسلسل کھیلے جانے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز میں سے 21 میں میزبان آسٹریلوی ٹیم فاتح رہی اور 7 میچز مہمان ٹیموں کے نام رہے جبکہ 9 باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز ہار جیت کے بغیر ختم ہوئے۔
کھیلوں کی مزیدخبریں اورتجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں