سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ’’البلاد ‘‘کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی کابینہ کی مقررہ مدت ختم ہونے پر نئی کابینہ کی تشکیل سے متعلق شاہی فرامین پر پورے معاشرے نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ میں نئے وزراء شامل کئے ہیں ۔ کلیدی عہدوں پر متعدد شخصیتوں کی تقرریاں کی ہیں ۔ یہ عمل ظاہر کر رہا ہے کہ ہماری قیادت راشدہ ہر سطح پر وطن عزیز کے کاروانِ تعمیرو ترقی کی رفتار ، انداز اور نوعیت پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ اسی کے پہلو بہ پہلو سعودی اقتصاد میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ۔ اس کی صلاحیت اور قوت میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ سعودی وژن2030 کے اہم اہداف عملی شکل اختیار کر رہے ہیں ۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران سعودی عرب نے ملک کے تمام علاقوں میں بڑے ترقیاتی کام کئے ہیں ۔ اہم شعبوں میں غیر معمولی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ خارجی سطح پر موثر اقتصادی کردار ادا کیا گیا ہے ۔ جی 20کے توسط سے موثر اقتصادی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ 2020ء میں سعودی عرب جی 20کی میزبانی کرے گا ۔ اس سے اس کی بڑی پوزیشن کی عکاسی ہوتی ہے ۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ بین الاقوامی اقتصاد کے استحکام میں سعودی عرب کی کیا کچھ اہمیت ہے ۔ اسی کے پہلو بہ پہلو سعودی عرب خطے اور امت کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے سلسلے میں سیاسی کردار بھی ادا کر رہا ہے ۔
شاہی فرامین سے اس امر کی تاکید ہوتی ہے کہ ہماری قیادت نئی نسلوں کے لئے مستقبل کی تعمیر و تشکیل کی بابت تمنائوں ، آرزوئوں اور نئے مرحلے کے تقاضے پورے کرنے میں غیر معمولی دلچسپی لے رہی ہے ۔ ہماری قیادت جامع تصور کے تحت عصر حاضر کے برق رفتار چیلنجوں کی ہم رکابی کر رہی ہے ۔ اس کی نظر ایسے مستقبل پر ہے جس کے معمار وطن عزیز کے وفادار فرزند اور ہوشمند ابنائے وطن ہے ۔