منی لانڈرنگ کرنے والوں کی چیخیں سن رہا ہوں ،عمران
اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈالر کےلئے آئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت نہیں اور نہ آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لیتے ہیں۔منی بجٹ عوام دشمن نہیں ہوگا۔پاکستان کو چیلنجز درپیش ہیں تاہم بحرانی صورت حال نہیں۔ سارے مسائل کی وجہ بد انتظامی ہے۔ جتنا مطمئن آج ہوں پہلے کبھی نہیں تھا ۔وزیراعظم آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کےخلاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کرنے جارہے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق پاکستان سے سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈنگ ہو رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ 4 ماہ بڑے مشکل گزارے ہیں۔بجلی گیس پی آئی اے سمیت ہر جگہ خسارہ ہی خسارہ تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کو چیلنجز درپیش ہیں تاہم بحرانی صورت حال نہیں ۔ سارے مسائل کی وجہ بد انتظامی ہے۔عمران خان نے کہا کہ معیشت میں اصلاحات ملک کےلئے کیں۔ منی لانڈرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ منی لانڈرنگ کرنے والوں کی چیخیں سن رہا ہوں۔ منی لانڈرنگ کرنے والوں سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈالر کی اسمگلنگ کرنے والے اپنے دن گنا شروع کردیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے تمام اقدامات پاکستا ن کے حق میں ہیں ۔ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ روکنے کی ہدایت کرتا ہے اور مسلح گروپوں کی روک تھام چاہتا ہے ۔ یہی مطالبہ نیشنل ایکشن ٹاسک فورس کا بھی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا موثر غربت مٹاو پروگرام لے کر آرہا ہوں۔ سرمایہ کار اطمینان رکھیں ملک میں کوئی غیر یقینی صورتحال نہیں۔