کراچی: رواں برس آتشزدگی کے 2893 واقعات
کراچی: شہر قائد میں 2018ءکے دوران مختلف علاقوں میں آگ لگنے سے متعلق 2893 کالز موصول ہوئیں تاہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ سب سے زیادہ آگ لگنے کے واقعات نومبر میں پیش آئے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 8 مقامات پر لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا۔ تفصیلا کے مطابق چیف فائر آفیسر کی جانب سے رواں سال شہر کے مختلف علاقوں میں 23 فائر اسٹیشنز پر آگ سے متعلق ملنے والی کالز کے اعداد شمار جاری کیے گئے ہیں۔ شہر میں تیسرے درجے کی قرار دی جانے والی آگ کی بھی تفصیل جاری کی گئی ہے جس کی تعداد 8 ہے ۔ چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی کے مطابق رواں سال فائر بریگیڈ کے 23 فائر اسٹیشنز پر آگ لگنے سے متعلق مجموعی طور پر 2 ہزار 893 کالز موصول ہوئیں۔ آگ لگنے کے سب زیادہ 270 واقعات نومبر میں ہوئے۔ جنوری میں آگ لگنے کے 259 واقعات پیش آئے، فروری میں 245 ، مارچ میں 242 ، اپریل میں 255 ، جون میں 216 ، جولائی میں 172 ، اگست میں 187 ، ستمبر میں 165 ، اکتوبر میں 261 جبکہ دسمبر میں 229 آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ اعداد شمار کے مطابق رواں سال شہر کے مختلف علاقوں احسن آباد ، سائٹ ، فیڈرل بی ایریا اور نارتھ کراچی کے علاقے میں لگنے والی آگ کے 8 واقعات کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا۔ چیف فائر آفیسر تحسین صدیق کا کہنا ہے فائر بریگیڈ کا عملہ دستیاب وسائل میں بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہ ہے جبکہ سریوں میں خشک موسم اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات تیزی سے پیش آتے ہیں۔