Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرتارپور راہداری‘ پاکستان نے ہند کو تجاویز بھجوا دیں

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری سے متعلق تجاویز ہند کو بھجوا دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق 59 صفحات پر مشتمل 14 اہم تجاویز ہند کو بھجوائی گئی ہیں جن کے مطابق کرتارپور راہداری کے ذریعے ہند کے یاتریوں کو ویزا فری داخلے کی اجازت ہوگی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ہند کو دی گئی تجاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک اپنی حدود میں سہولیات سینٹر اور سیکورٹی چیک پوسٹیں قائم کریں گے جبکہ یاتری کم ازکم 15 افراد کے گروپ کی شکل میں داخل ہو سکیں گے۔ پاکستان کی طرف سے ہند کے سکھ یاتریوں کو خصوصی پرمٹ جاری کیا جائے گا ساتھ ہی دونوں ممالک یاتریوں کا ریکارڈ مرتب کریں گے جس میں ان کا نام ، سفری ریکارڈ اور دیگرتفصیلات شامل ہوں گی۔ تجاویزمیں مزید کہا گیا کہ ہند کی حکومت یاتریوں کی فہرست کم ازکم 3 دن قبل پاکستان کوفراہم کرےگی۔ یاتریوں کے پاس ہند کا قابل میعاد پاسپورٹ ہونا ضروری ہوگا۔ گوردوارہ دربار صاحب صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلا رہے گا۔ پاکستان روزانہ 500 یاتریوں کو پرمٹ جاری کرے گا، تاہم پاکستان بغیرکوئی وجہ بتائے پرمٹ منسوخ کرسکے گا جبکہ ہند کے یاتریوں کو اپنی حکومت سے سیکورٹی کلیئرنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا ہوگا۔
 
 

شیئر: