Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں مزید پارک اور تفریحی مقامات تعمیر کئے جائیں ، شہزادہ فیصل

مدینہ منورہ ۔۔۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا ہے کہ شہر میں شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ماحول کو مزید بہتربنایا جاسکے ۔ فی الوقت شہر میں سبزے کی قلت ہے جس کے پیش نظر مختلف مقامات پر پودے اور گھاس کے میدان بڑھائے جائیں گے ۔ وہ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ اجتماع کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے ۔ گورنر مدینہ منورہ نے مزید کہا کہ اس وقت شہر میں سبزے کا تناسب 0.5 فیصد فی مربع میٹر ہے جو آبادی کے تناسب کے اعتبار سے کم ہے اس حوالے سے شہر میں سبزے میں اضافے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے جامع منصوبہ مرتب کیاجائے ۔ شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ میں بڑے پارکوں او ر تفریحی مقامات کے قیام کی منظوری بھی دی ۔ اس حوالے سے مدینہ منورہ کے مغربی علاقے میں 10لاکھ مربع میٹر جبکہ مشرقی علاقے میں بھی 10 لاکھ مربع میٹر رقبے پر پارک بنائے جائیں گے ۔ مذکورہ پارکوں کی منصوبہ بندی اور تکمیل 2 برس کے اندر کر لی جائے گی ۔ شاہ فہد پارک میں بھی سبزے میں اضافہ کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ مدینہ منورہ کے شمال مشرقی علاقے میں بھی موجود پارکوں کی تزئین و آرائش اور وہاں سبزے میں اضافے کا خصوصی بندوبست کیا جائے ۔ گورنر مدینہ منورہ نے بلدیہ اور شہر کی ترقیاتی ادارے کے ذمہ داروں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے احکامات دیئے ہیں کہ شہر میں سبزے میں اضافے کےلئے جامع منصوبہ بندی مرتب کی جائے تاکہ اس پر فوری عمل شروع کیاجاسکے ۔ 

شیئر: