کراچی: رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مراد علی شاہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ میں کئی مجرمانہ سرگرمیوں کے شواہد دیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے آصف زرداری کے قریبی اومنی گروپ کو فائدہ پہنچایا۔ دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا کہ تحریک التوا کو مسترد کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا کیونکہ ایم کیوایم، جی ڈی اے سمیت تمام جماعتیں جے آئی ٹی پر بحث چاہتی ہیں۔