Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تقرر کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت عالیہ میں ڈویژن بینچ چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔  درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ شہبازشریف کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں جبکہ ان کوچیئرمین پی اے سی بنا دیا گیا ہے۔ 
سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ جب تک کسی پرالزام ثابت نہ ہو وہ معصوم ہے۔ جو معاملہ پارلیمنٹ کو دیکھنا چاہیے اس کے متعلق ہم کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ آپ کہہ رہے ہیں جس پرالزام لگے اس کو پارلیمنٹ کی کارروائی میں حصہ لینے سے روک دیا جائے ، اس طرح تو اکثریتی پارلیمنٹ باہر بیٹھی ہوگی۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیے کہ سعد رفیق اور شہبازشریف کے معاملے میں اگر مسئلہ ہے توپارلیمنٹ نے دیکھناہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

شیئر: