ریاض۔۔۔ سعودی وزارت تعلیم نے بتایا ہے کہ طالبات پر کسی بھی شکل کا حجاب نہیں تھوپا گیا۔ طالبات پروقار لباس استعمال کرنے کی پہلے بھی پابند تھیں کل بھی تھیں اور آج بھی رہیں گی۔ سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر ھیا العواد نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کی تردید کردی جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وزار ت تعلیم نے طالبات پر مخصوص شکل کا حجاب تھوپ دیا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ حجاب کی مناسب شکل کیا ہو کیا نہ ہو۔ اس کے انتخاب کا اختیار طالبہ کے سرپرستوں کا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے اکاﺅنٹ میں کہا کہ حجاب سے متعلق نہ صرف یہ کہ کافی چہ میگوئیاں ہمارے معاشرے میںہورہی ہیں بلکہ وزارت تعلیم کی جانب سے ماضی میں حجاب سے متعلق جاری شدہ ہدایات کی بابت ہمیں سوالات بھی موصول ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایام میں حجاب کی بابت دو نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کے اجراءکے بعد لباس اورحجاب کی بابت وزارت کی جتنی بھی ہدایات تھیں وہ سب کی سب منسوخ ہوگئیں۔ نئی ہدایات ہی موثر ہونگی۔ اب ہدایت یہ ہے کہ کسی بھی طالبہ پر کسی بھی شکل کا حجاب مقرر نہیں۔ سرپرست حضرات ہی اپنی بیٹیوں کے لئے مناسب حجاب کا انتظام کریں گے۔ ڈاکٹر العواد نے اپنے ٹویٹ کےساتھ سابق وزیر تعلیم ڈاکٹر احمد العیسیٰ کی جاری کردہ ہدایت کی تصاویر بھی پیش کردیں۔ یہ ہدایت 27شوال 1439ھ کو جاری کی گئی تھی۔ اس میں طلباءاور طالبات دونوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ لباس استعمال کریں۔طالبات پروقار لباس پہنیں۔ اس سے مختلف جو بھی ہدایت تھی وہ اب کالعدم مانی جائیگی۔