اسرائیلی شہریوں کو پاکستان آنے کی اجازت غلطی قرار
اسلام آباد.... حکومت نے اسرائیلی شہریوں کو پاکستان آنے کی مشروط ا جازت دئیے جانے کی تردید کردی۔ڈائریکٹرامیگریشن عصمت اللہ جونیجو نے جاری فہرست میں اسرائیل کے نام شامل کئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے جاری بیان میں کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جا ری قواعد کی فہرست میں اسرائیل کا نام غلطی سے ڈالا گیا تھا ۔نشاندہی پر اسرائیل کا نام فہرست سے نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیگریشن قواعد میں اسرائیل کانام شامل نہیں۔ اسرائیل سے متعلق اسٹیٹ کی پالیسی واضح ہے۔ واضح رہے خبر تھی کہ امیگریشن قواعد کی آڑ میں وزارت داخلہ نے مبینہ طور پر اسرائیل کے شہریوں کو پا کستان آنے سے مشروط اجازت دیدی ۔ ایف آئی اے کی ویب سائٹ پر 7 ممالک کے شہریوں کو پاکستان آنے کی مشروط اجازت کے قواعد و ضوابط جاری کئے گئے تھے ۔نئی امیگریشن قواعد کی فہرست میں اسرائیل سمیت ہند، بنگلہ دیش، بھوٹان، نائجیریا، فلسطین اور صومالیہ کا نام شامل کیا گیا تھا۔ویب سائٹ پر ایف آئی اے نے اسرائیلی شہریوں کے لئے بھی امیگریشن قواعد وضح کئے تھے، جن کے مطابق اسرائیلی شہریوں کی پاکستان آمد پر پولیس رجسٹریشن کرانالازمی ہو گی ۔اسرائیلی شہری متعلقہ ڈی پی او سے قیام پر مٹ لینے کے پابند ہوں گے ۔روانگی سے قبل پرمٹ واپس کرنا ہوں گے پھر انہیں ٹریول پرمٹ جاری کیا جائے گا ۔ ٹریول پرمٹ کے حصول کے لئے انہیں قیام پرمٹ لازمی واپس کرنا ہوگا۔قواعد کے مطابق ورک ویزا اور سارک ویزا رکھنے والوں کو پولیس رجسٹریشن سے استثنی حاصل ہوگا ۔