کراچی: آئی جی سندھ ڈکٹرسید کلیم امام نے 2018ء کے دوران سندھ پولیس کے تمام شعبہ جات کی جرائم کے خلاف کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور قیام امن کی خاطر شہدائے سندھ پولیس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سیلوٹ پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کو پولیس کی مجموعی کارکردگی پر مشتمل ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرائم کے خلاف سندھ کی سطح پر جاری جنگ اور مختلف علاقوں میں ملزمان اور پولیس کے مابین ہونے والے 1182 پولیس مقابلوں میں 2206 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر سندھ بھر سے جرائم پیشہ عناصر کے 661 گروہوں کو ختم کیا گیا۔ 9045 اشتہاری جبکہ 18709 مفرورملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ سندھ بھر سے28ٹارگٹ کلرز، 7 خطرناک ڈکیت 47دہشت گردوں اور14981ڈکیت و ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس کی دفاعی فائرنگ کے نتیجے میں 97ملزمان، ڈکیت، ٹارگٹ کلرز و دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پولیس نے مختلف کاروائیوں کے نتیجے میں گرفتارو ہلاک ملزمان کے قبضہ سے02ایل ایم جیز 06جی تھری،03ایم پی فائیو،199ایس ایم جیز،کے کے ،850 شاٹگنز،ریپیٹرز ،238 رائفلز، 10101 پستول، ریوالورز،ماؤذر،45395 کارٹریجز، ایمیونیشن، 04 خودکش جیکٹس،18 عدد تیار بم،02 آئی ای ڈیز،05راکٹ لانچرز،276 ہینڈ گرنیڈز، 09 راکٹس،12 ڈیٹونیٹرز،فیوز اور82 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ آئی جی سندھ کے واضح احکامات کی بابت امن وامان کے حالات پر کنٹرول اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے سندھ کی سطح پر 2018ء نومبر کے دوران مفرور، اشتہاری ملزمان،منشیات کے خلاف اور غیرقانونی اسلحہ کیخلاف باالترتیب ہفتہ وار مہمیں چلائی گئیں جبکہ دسمبر کے دوران کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ اور سیکورٹی اقدامات میں نمایاں بہتری کے حوالے سے باالترتیب ہفتہ وار اور پندرہ روزہ مہم چلائی گئی۔