خرطوم ۔۔۔سوڈانی صدر عمر البشیر نے ملک میں حالیہ ایام میں مہنگائی کیخلاف ہونیوالے پرتشدد احتجاجی مظاہروں کی تحقیقات کے لیے وزیر انصاف کی زیرنگرانی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا اعلان کیا ہے۔صدر البشیر نے تنخواہوں میں اضافے اور غریب طبقے کے لیے ضروری اشیاء پر سبسڈی دینے کا بھی وعدہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اوربات چیت ہی اختلافات دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔سوڈان کے 63 ویںیوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں صدرعمر البشیرنے کہا کہ وہ ملک میں سیاسی شراکت میں مزید توسیع کے لیے کوشاں ہیں اور کسی کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پرعمل پیرا نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوڈان کی معیشت کی بہتری کے لیے کئی عرب اور دوسرے ممالک تعاون کررہے ہیں۔ جلد ہی سوڈان کی معیشت ترقی کرے گی اور ہم موجودہ مشکل دور سے نکل کر اصلاحات کے دور میں داخل ہوجائیں گے۔