ریاض۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی ہیلتھ کونسل کی 9 قراردادوں خصوصاً” نیشنل سینٹر فار ایویڈنس بیسڈ ہیلتھ“ کے قیام کی منظوری دیدی۔ شاہی منظوری کے بموجب مملکت بھر میں لیباریٹریوں میں جانچ کے مشترکہ پیمانے روبعمل لائے جائیں گے۔ شاہ سلمان نے تمام اسپتالوں پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ اپنے یہاں مطلوبہ وسائل مہیا ہونے کی صورت میں دل میں انجماد خون کے کسی بھی مریض کو واپس نہیں کرینگے۔سعودی ہلال احمر جب بھی دل کے ایسے کسی مریض کو علاج کےلئے اسپتال لائیگا۔ انتظامیہ کو اس کا علاج کرنا ہوگا۔تمام اسپیشلسٹ اسپتالوں اور میڈیکل سٹیز کو (Hub& Spokes) نظام کے تحت مشترکہ تعاون پروگرام موثر کرنے کی ہدایت دیدی گئی۔ یہ پروگرام دو مرحلوں میں نافذ ہونگے۔ ہیلتھ کونسل نے جو قراردادیں منظوری کیلئے پیش کی تھیں ان میں انشورنس ضوابط میں ترمیم کا جائزہ بھی شامل ہے۔ اس کے تحت کینسر کے علاج کو انشورنس پیکیج میں شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔