Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ نے عسکری صنعتوں کی پبلک اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی

ریاض۔۔۔ تشکیل نو کے بعد سعودی کابینہ کا پہلا اجلاس یکم جنوری 2019ءمنگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدارت کی۔ کابینہ نے عسکری صنعتوں کی پبلک اتھارٹی ، سعودی خلائی اتھارٹی کے انتظامی ضوابط اور تجارت خارجہ پبلک اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے قومی مرکز برائے مسابقت کے نظام اور بعض کلب کے انتظامی ضوابط بھی مقرر کردیئے۔نئے وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ادارے کو بتایا کہ شاہ سلمان نے اجلاس کے دوران مملکت میں امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی سمیت ظاہری و باطنی نعمتیں عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ بجٹ 2019ءکو خوشخبریوں کے بجٹ سے تعبیر کیا۔اقتصادی اصلاحات کا سفر جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ سرکاری اداروں کی تشکیل نو ، متعدد وزراءاور عہدیداروں کی تقرری سے متعلق جاری کردہ فرامین پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فلسطینی صدر، افغان صدر سے ٹیلیفونک رابطوں ، صدر پاکستان اور شیخ ازہر سے ملاقاتوںکے نتائج کو تسلی بخش بتایا۔ کابینہ کے ارکان نے علاقائی و عالمی حالات حاضرہ پر متعد د رپورٹیں بھی سنیں۔کابینہ نے 14ویں اور 15ویں گریڈز پر 5تقرریاں بھی کیں۔ دریں اثناءخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے نئے وزراء، گورنرز، وزرائے مملکت اور نئے ارکان شوریٰ نے حلف وفاداری اٹھایا۔ اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ حلف اٹھانے والوں میں شہزادہ ترکی بن محمد ، شہزادہ عبداللہ بن بندر، ڈاکٹر فہد المبارک،ڈاکٹر حمد آل الشیخ، ترکی الشبانہ، شہزادہ ترکی بن طلال، شہزادہ بدر بن سلطان، شہزادہ فیصل بن نواف، محمد المزید، ہزاع القحطانی اوربندر عسیری شامل تھے۔

شیئر: