Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریحان بٹ اور دانش کلیم کو برقرار رکھنے کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا فیصلہ

  لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل پروہاکی لیگ کے لئے مستعفی ہو جانے والے کوچز ریحان بٹ اور دانش کلیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ فیڈریشن اس عہدے کیلئے نئے امیدوار بھی تلاش کررہی ہے ۔فیڈریشن ذرائع کے مطابق پرو ہاکی لیگ کے لیے ٹیم کا کیمپ لاہور میں لگایا جائے گا۔ ریحان بٹ اور دانش کلیم ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد مستعفی ہوگئے تھے لیکن ان دونوں کو اس ٹورنامنٹ کے لئے عارضی طور پر کوچز برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مستقل کوچنگ پینل کا تقرر بعد میں ہوگا۔ پرو ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم 2 فروری سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اور کوچ کیلئے کسی موزوں امیدوار کی تلاش جاری ہے۔ اولمپئین توقیر ڈار کو ذمہ داریاں سنبھالنے کی پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے نجی مصروفیات کو جواز بناکر معذرت کرلی ہے۔ پرو ہاکی لیگ کے لیے سابق سیکریٹری شہباز سینئر نے پہلے قمر ابراہیم کو ہیڈ کوچ لگانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن قمر ابراہیم صدر پی ایچ ایف کو پسند نہیں جس پر اب نیا کوچ سامنے لایا جاسکتا ہے۔صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکر نے کہا کہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، سب معاملات پر مشاورت جاری ہے۔ فیڈریشن میںچیئرمین کا عہدہ متعارف کرائے جانے کے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف افواہیں ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: