الٰہ آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج
نئی دہلی۔۔۔ سپریم کورٹ نے 1990میں اجودھیا میں کارسیوکوں پر فائرنگ کا حکم دینے پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے اترپردیش پولیس کوہدایت جاری کرنے والی عذر داری کو خارج کرنے کے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کرنیوالی اپیل خارج کر دی۔ جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل 2رکنی بنچ نے تاخیر سے عرضی داخل کرنے کو بنیادبناکر اسے خارج کردیا۔ واضح ہو کہ ہائی کورٹ نے یہ حکم 3مئی 2016کو جاری کیا تھا۔ اترپردیش کے دارالخلافہ لکھنؤ کا رہائشی عرضی گزار رانا سنگرام سنگھ نے الزام لگایاکہ کار سیوا میں حصہ لینے والے لاکھوں کارسیوکوں کی بھیڑ پر یادو کے وزیراعلی کی حیثیت سے گولی چلانے کا حکم دینے کی وجہ سے متعدد ’’کار سیوک‘ ‘مارے گئے تھے۔معاملہ2 نومبر1990کا ہے۔واضح رہے کہ اس وقت ملائم سنگھ یادو اترپردیش کے وزیراعلیٰ اور وشوناتھ پرتاپ سنگھ وزیراعظم تھے۔