یوپی کے لوگوں کی توہین کیوں کی جارہی ہے؟ اسمرتی
لکھنو/امیٹھی۔۔۔ کانگریس کے کل ہند صدر راہول گاندھی اورامیٹھی سے 2بار مسلسل پارلیمنٹ کا الیکشن ہارنے والی بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی بھی امیٹھی پہنچیں۔ انہوںنے امیٹھی آکرلحاف اورکمبل تقسیم کیے۔ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے غریبوں اورحلقہ کے عوام کیلئے کوئی نیا ترقیاتی کام شروع کرنے سے متعلق کچھ نہیں کہا۔ وہ کانگریس اورراہول گاندھی کو کوستی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیٹھی کے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے ممبرپارلیمنٹ راہول گاندھی سے سوال کریں کہ مدھیہ پردیش میں ان کی پارٹی کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے کیوں یوپی اوربہار کے عوام کی اس قدر توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول سے یہ بھی پوچھا جائے کہ کیا آئندہ یوپی کے لوگوں کو مدھیہ پردیش میں روزگار نہیں ملے گا ۔واضح ہو کہ کانگریس کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے گزشتہ دسمبر میں تقریر کے دوران کہا تھا کہ مدھیہ پردیش میں روزگار پر یوپی اوربہار والے آکر قبضہ کرلیتے ہیں ۔