جنوبی افریقہ کی وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے غیر معیاری ہیں،مکی آرتھر
کیپ ٹاون:دورہ جنوبی افریقہ میں شکست اور مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ٹیسٹ میچز کیلئے بنائی گئی وکٹوں کو غیر معیاری قرار دیا ہے۔ سنچورین میں کھیلا گیا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 دن میں ہارنے کے بعد اب پاکستا نی ٹیم کیپ ٹاون میں ناکامی کے خطرے سے دوچار ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ 10 سال پہلے جب میںجنوبی افریقہ کی ٹیم کا کوچ تھا تو وکٹیں اتنی غیر معیاری نہیں ہوتی تھیں لیکن ان برسوں میں وکٹوں کا معیار کافی گر گیا ہے۔ایک سوال پرمکی آرتھر نے تسلیم کیا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی بیٹنگ ان کے دعوے کی تائید نہیں کرتی تاہم انہوں نے کہا کہ یہ وکٹیں منصفانہ اور متوازن مقابلے کے لئے نہیں بنائی گئیں۔یاد رہے کہ کیپ ٹاون ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اکثر پاکستانی بیٹسمین اچانک اٹھ جانے والی گیندوں کا شکار ہوئے ۔کوچ نے کہا کہ میں اس صورتحال پر بہت مایوس ہوں۔انہوں نے وکٹ میں غیرمتوازن باونس اور پڑنے والی دراڑوں کی بھی نشاندہی کی جس کی وجہ سے گزشتہ روز کئی مرتبہ کھیل روکنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وکٹ میں یہ غیر متوازن باونس یا دراڑیں میچز کے چوتھے یا پانچویں دن سامنے آتیںتو میں سمجھ سکتا تھا کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا ہی ہوتا ہے لیکن پہلے ہی دن ایسا ہونا ناقابل فہم ہے ۔ اس میچ میںجنوبی افریقی بولرز کی تیز بولنگ ہی اصل فرق ثابت ہوئی۔ جنوبی افریقہ کے بولرز 145کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں اورہمارے بولرز کی رفتار135کلومیٹر ہے اور اس طرح کی وکٹ پر ان10کلومیٹر نے بہت فرق ڈالا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں