ملک بھر میں سردی بڑھ گئی‘ بالائی علاقوں میں شدید برف باری
لاہور: ملک بھر میں سردی کی شدید لہر کے ساتھ بالائی علاقوں اور مری میں بھی نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ ملکہ کوہسار مری سمیت بالائی علاقوں میں طوفانی برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شدید برف باری کے بعد مری سمیت خیبر پختون خوا اور دیگر کئی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع ہو گئے۔ گلگت میں10 سال بعد برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ مالم جبہ میں تقریباً ڈھائی فٹ اور کالام، مری ،اسکرود اور دیر میں بھی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں نتھیا گلی، ایوبیہ ،کالام،کاغان، سوات، شانگلہ ، دیر، مظفرآباد، کوہستان سمیت چترال اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی جس کے بعد مقامی افراد گھروں میں پھنس کر رہ گئے جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم نکھر گیا۔ تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔