Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد وفاقی کابینہ معافی مانگے‘ ترجمان بلاول

اسلام آباد: سپریم کورٹ اسلام آباد میں جعلی اکاﺅنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر اعلیٰ سندھ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے حکم پر بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے جے آئی ٹی کی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے دونوں شخصیات کا نام جے آئی ٹی میں آنے کو بدنیتی قرار دیا ہے ، جس سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی دن سے کہہ رہے تھے کہ جے آئی ٹی سیاسی ہے۔ ترجمان مطالبہ کیا کہ وفاقی کابینہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر معافی مانگے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا استعفیٰ مانگنے والے اب خود اپنا استعفیٰ دیدیں۔ آج جے آئی ٹی کا سیاسی اور جانب دار ہونا ثابت ہوگیا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ جے آئی ٹی نے حقائق پر نہیں بلکہ سیاسی دباﺅپر رپورٹ مرتب کی۔ سپریم کورٹ کے حکم سے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید ہوئی ہے ۔
 

شیئر: