وزیر اطلاعات پنجاب میڈیا پر برس پڑے
لاہور: تحریک انصاف کے وزرا کی جانب سے میڈیا سے متعلق عدم برداشت کا مظاہرہ دیکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ واقعے میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان ایک صحافی کی جانب سے کیے گئے سوال پر بھڑک اٹھے اور میڈیا سے تعلق نامناسب الفاظ ادا کرتے ہوئے تقریب سے چلے گئے۔ لاہور کے الحمرا آرٹ کونسل میں جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی یاد میں تصویروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کے قاضی حسین احمد کے خواب کو عمران خان پورا کریں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ جرات اور ہمت کے بغیر کوئی شخص رہنما نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد اور عمران خان کا موقف ایک ہی ہے اور عمران خان ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنائیں گے۔ قاضی حسین احمد کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ وزیر اطلاعات کے میڈیا سے خطاب کے دوران ایک صحافی نے پوچھا کہ آپ ریاست مدینہ کا دعویٰ کررہے ہیں تاہم جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے وعدے پورے نہیں کررہی اور ریاست مدینہ کی جانب کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس پر فیاض الحسن چوہان برہم ہوگئے اور میڈیا سے متعلق نامناسب الفاظ ادا کرتے ہوئے رخصت ہوگئے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا ایک صحافی سے الجھ پڑے تھے جس کے بعد انہوں نے معافی مانگی تھی۔