Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جبیل رائل کمیشن کا ثقافتی پروگرام اختتام پذیر، ہزاروں افراد کی شرکت

***ثناء بشیر۔الاحسا***
 ایک جانب ریاض میں جنادریہ کا ثقافتی میلہ زور شور سے جاری ہے تو دوسری جانب منطقہ شرقیہ کے لوگوں کیلئے جبیل رائل کمیشن کی جانب سے10 روزہ ثقافتی و تفریحی ایونٹس کا اختتام عمل آیاجس میں ہزاروں کی تعداد میں ملکی و غیرملکی افراد شریک ہوئے۔ جبیل رائل کمیشن کی جانب سے منعقد ہوئے اس شاندار ایونٹ میں سعودی عرب کی ثقافتی رنگوں کو خوبصورتی کے ساتھ نمایاں کیا گیا۔ایونٹ میں ہمسایہ خلیجی ممالک کے ثقافتی رنگ بھی دیکھنے  میں آئے۔ اس سے عرب کی قدیم روایات کو دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا اور عرب کی قدیم تاریخ کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں ہوتا کہ یہ قوم کس قدر عظیم روایات کی امین رہی جس کا تسلسل ابھی تک جاری ہے۔ اس کے علاوہ ایونٹ میں پاکستان اور ہندکے ثقافتی رنگوں کو بھی نمایاں کیا گیاتھا۔ پاکستان کی جانب سے وی آئی پی ایونٹس کی جانب سے پاکستانی اسٹال لگایا گیاتھا جس میں پاکستان کی تہذیب و تمدن کو خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر نوجوان پاکستانی گلوکار سلیم رفیق نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عربی گانا گایا جسے سعودی شہریوں کی بڑی تعداد نے پسند کیا اور گلوکار کو بھرپور داد دی۔ پاکستانی ثقافت کا اہم جز ڈھول بھی ہے جس کی تھاپ نے نوجوان کو بھنگڑا ڈالنے پر مجبور کر دیا ۔پاکستانی ڈھول نواز فرحان بھولا کی جانب سے ڈھول پرفارمنس نے سبھی کے دل مو ہ لئے اور خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر وی آئی پی ایونٹس کے سی ای او عمیر شیخ کا کہنا تھا کہ جبیل رائل کمیشن کی جانب سے اس طرح کا ایونٹ یقینی طور پر منطقہ شرقیہ کے لوگوں کیلئے بڑی تفریحی کا موجب بنا اور لوگوں نے بھرپور انجوائے کیا ۔ ہم شکر گزار ہیں کہ سعودی گورنمنٹ کی جانب سے پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ۔جبیل رائل کمیشن کے اس رنگارنگ ایونٹ میں بچوں کی تفریح کا بھی خوب اہتمام کیا گیاتھا جس میں بچوں کیلئے مختلف جھولے، فیس پینٹنگ اور دیگر تفریحی ماحول مہیاکیا گیا۔ سعودی کھانوں کے اسٹال بھی ایونٹ کا حصہ بنے جن کے لذیز کھانے لوگوں کو اپنی جانب راغب کر رہے تھے۔ ایونٹ میں پرانے ماڈل کی گاڑیاں بھی رکھی گئی تھیں جو کہ ایونٹ میں آنے والے ہر فرد کی مرکز نگاہ ٹھہری۔ اس کے علاوہ سرکس کے ذریعے بھی لوگوں کو خوب لطف اندوز کیا گیا۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر سعودی، اماراتی اور کویتی نوجوانوں کی جانب سے روایتی رقص بھی پیش کیاگیا۔ ایونٹ کا اختتام4جنوری کو ہوا ۔

شیئر: