Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویلفیئر سوسائٹی زیر اہتمام یوم قائد کی مناسبت سے تقریب

***محمد عرفان شفیق۔ کویت***
 یوم قائد کی مناسبت سے پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت قاری صہیب انجم نے حاصل کی جبکہ حمد و ثنا محمد اعجاز مغل نے خوبصورت انداز میں پیش کی جس کے بعد پاکستان انگلش اسکول و کالج جلیب الشیوخ کے بچوں کے طلبا و طالبات نے کویت اور پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا۔ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداران نور مست خان آفریدی، عظمت آفریدی اور چوہدری الف دین نے قائداعظم کی شخصیت پر خطاب کیا۔ گلف پاکستان انگلش اسکول فحاحیل، پاکستان اسکول منقف اور پاکستان انگلش  اسکول جلیب الشیوخ کے طلبا و طالبات نے ٹیبلو کے ساتھ ملی نغمے پیش کیے۔پاکستانی  اسکولوں کے طلبا ء کے مابین قائداعظم کے موضوع پر تقریری مقابلہ ہوا۔ جیوری کے فیصلے کے مطابق پہلی پوزیشن پاکستان انگلش  اسکول منقف، دوسری پوزیشن فحاحیل  اسکول جبکہ تیسری پوزیشن خیطان  اسکول کے بچوں نے حاصل کی جس پر انہیں ٹرافیاں دی گئیں۔ مقامی گلوکاروں ناصر عباس، ظفر غوری اور وقار حسن نے ملی نغمے پیش کیے جس سے پورا ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ سید ناصر عباس کو عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر شیلڈ پیش کی گئی۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کے صدر چوہدری فیاض انجم نے کہا کہ یوم قائد کا مسلسل دسواں پروگرام اور پاکستانی کمیونٹی کا ہر سال کی طرح یہ آخری پروگرام ہوتا ہے جو کہ فقید المثال ہے۔ انہوں نے تمام احباب کی شرکت پر شکریہ ادا کیااور بچوں کو یوم قائد کی مناسبت سے تیاری کروانے پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قائداعظم کی زندگی پر مختصر خطاب بھی کیا۔ تقریب میں کویت میں مختلف تنظیموں کے صدور، پرنسپل، ڈاکٹرز، انجینیئرز  اور پاکستان کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کویت کے ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید تھے۔ انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کے عہدیداران اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور مسلسل یوم قائد کے پروگرام کروانے پر سراہا اور مستقبل میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہمیں قائد کی تعلیمات سے سبق سیکھنا چاہیے۔ اس کے بعد بچوں اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے گئے اور قائداعظم کی ولادت کا کیک کاٹا گیا۔ آخر میں قاری عبدالغفور نے دعا کرائی۔

شیئر: