بالوں کی صحت اور نشونما کے لیے اہم غذائیں
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
لمبے مضبوط اور چمکدار بال ہر شخص کی خواہش ہوتے ہیں ۔ بالوں اور سرکی جلد کو صحت مند رکھنے کے لئے سب سے زیادہ اہم متوازن خوراک پر توجہ دینا ہے ۔ بال کیراٹن پروٹین سے بنے ہوتے ہیں ان کی نشوونما اور خوبصورتی کے لیے مستقل طور پر منرلز، پروٹین اور وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ذیل میں دی گئی غذاؤں کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کر کے بالوں کی نشونما اور صحت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔
بال چونکہ پروٹین سے بنے ہوتے ہیں لہٰذا یہ ضروری ہے کہ آپ کی خوراک میں پروٹین وافر مقدار میں شامل ہو ۔ انڈے پروٹین حاصل کرنے کا سب سے بہترین قدرتی ذریعہ ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ دہی اور دودھ بھی وٹامن بی 12 ، اومیگا 6 ، فیٹی ایسڈز ، آئرن ، زنک اور بائیوٹن کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہیں جو بالوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرتے ہیں ۔
بالوں کے خلیات کے لئے آئرن ایک ضروری منرل ہے ۔ درحقیقت جسم میں آئرن کی کمی بالوں کے گرنے کا سبب بنتی ہے ۔ جسم میں آئرن کی کمی کے سبب آکسیجن اور دوسرے اجزاء بالوں کی جڑوں تک نہیں پہنچ پاتے جو بالوں کے گرنے ، کمزور ہونے اور بالوں کی نشوونما کے رک جانے کا سبب بنتے ہیں ۔ پالک اور دوسرے ہرے پتوں والی سبزیاں کھا کر آئرن کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے ۔ پالک وٹامن کے ، وٹامن اے ، وٹامن سی ، وٹامن بی کمپلیکس ، میگنیز ، زنک ، آئرن اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہے اور بالوں اور سر کی جلد کی مضبوطی کو یقینی بناتی ہے ۔
کھٹے پھل وٹامن سی کا اہم ذریعہ ہیں ۔ وٹامن سی جسم میں آئرن کے جذب ہونے میں مدد دیتا ہے ۔ غذائی ماہرین روزانہ کی بنیاد پر ایک لیموں یا ایک گلاس لیموں پانی کو اپنی غذا میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ مالٹے بھی آپ کے جسم کو مطلوبہ مقدار میں وٹامن سی فراہم کر سکتے ہیں اس طرح بالوں کی بڑھوتری میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بالوں کو لمبے اور گھنے کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ چونکہ یہ صحت مند فیٹس خود جسم کے اندر پیدا نہیں ہوتے لہٰذا انہیں خوراک کے ذریعہ حاصل کیا جاتا ہے ۔ بادام اور اخروٹ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ حاصل کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ ہیں ۔ یہ کمزور بالوں کو مضبوط کرنے اور ان میں خوبصورتی اور چمک پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں ۔
اناج بائیوٹن ، آئرن ، زنک اور وٹامن بی کا خزانہ ہیں ۔ بائیوٹن امائنو ایسڈ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس کے بغیر بالوں کی پروٹین کا بننا بالکل ناممکن سی بات ہے ۔ لہذا روزمرہ کی غذا میں اناج کو شامل کرکے بالوں کی افزائش کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔