شہریت بل صرف آسام نہیں،پورے ملک کیلئے ہے،راج ناتھ
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
نئی دہلی۔۔۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ حکومت آسام سمیت شمال مشرقی ریاستوں کے باشندوں کی شناخت اور ثقافت کے تحفظ اور علاقے میں امن وامان برقرار رکھنے اور وہاں کے ترقیاتی کاموں کیلئے پرعزم ہے۔ سنگھ نے شہریت ترمیمی بل لوک سبھا میں پاس ہونے کے بعد شمال مشرقی ریاستوں میں ہڑتال کے بعدحالات خراب ہونے پر ایوان میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو آسام ،تریپورہ اور میگھالیہ میں تشدد کے واقعات کی اطلاع موصول ہوئی لیکن اب حالات قابو میں ہیں۔مرکزی حکومت اس معاملے میں ریاستی حکومتوں کے ساتھ ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ خود شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اجلاس بھی کریں گے۔مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں بھی تیزی آئی اورعوام کے مطالبات پورے کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل صرف آسام تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ پورے ملک کیلئے ہے۔