ٹرمپ اجلاس چھوڑ کر کیوں گئے؟
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
واشنگٹن...امریکی صدر اور ڈیموکریٹ قانون سازوں کے درمیان وائٹ باوس میں اجلاس جاری تھا جب ڈونالڈ ٹرمپ اچانک باہر چلے گئے۔یہ ناخوشگوار صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ڈیموکریٹس نے میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے رقوم مختص کرنے کا مطالبہ ماننے سے انکار کیا۔ ٹوئٹر پر بیان میں ٹرمپ نے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں ڈیموکریٹ قائد چک شومر کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت کو وقت کا ضیاع قرار دیا۔ وائٹ ہاس کے باہرشومر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار پھر ہم نے غصے کا اظہار دیکھا۔ وہ باہر نکل گئے اور کہا کہ ہمیں کوئی بات نہیں کرنی۔پلوسی نے کہا کہ ہمارے ذہن میں سرحد کی حفاظت کا اس سے بہتر منصوبہ ہے لیکن اس کا تعلق دیوار تعمیر کرنے سے نہیں ۔ تارکین وطن کو سرحد عبور کرنے سے روکنے کے لئے جدید ترین نگرانی کے نظام کو نافذ کیا جائے۔نائب صدر مائیک پینس نے جو اس ملاقات کے دوران موجود تھے، کہا کہ آج ہم نے پھر ڈیموکریٹس کو سنا جو بات چیت پر رضامند نہیں۔ صدر اپنے موقف پر سختی سے قائم ہیں ۔