پولیس کی چینی قونصل خانے پر حملے کا مقدمہ داخل دفتر کرنے کی استدعا
کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا مقدمہ داخل دفتر کرنے کی پولیس رپورٹ مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ اے کلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس پر عدالت نے سی ٹی ڈی کی تفتیش پر اعترضات لگاتے ہوئے استفسار کیا کہ رپورٹ میں ایس پی کا نام کیوں شامل نہیں کیا گیا؟ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اتنے بڑے واقعے کا مقدمہ اے کلاس کیوں کیا اور ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کیوں نہیں کی جارہی، اگر ملزمان گرفتار نہیں ہورہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ مقدمہ اے کلاس کردیں؟ عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ تحقیقات کرکے واقعہ کے ذمہ داروں کو گرفتار کریں اور 24 جنوری کو مقدمے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ۔ قبل ازیں تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، جب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوتا کیس داخل دفتر کیا جائے۔