ون ڈے سیریز: آسٹریلیا نے ہند کیخلاف پہلا میچ 34رنز سے جیت لیا
سڈنی:ہندوستانی اوپنرروہت شرما کی خوبصورت سنچری کے باوجود آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میچ میں ہند کو 34رنز سے شکست دے کر5 میچوں کی سیریز میں1-0کی برتری حاصل کرلی ۔ آسٹریلیا نے 5وکٹوں کے نقصان پر288رنز بنائے۔جوابی بیٹنگ میں روہت شرما کے6چھکوں اور10چوکوں کی مدد سے 129گیندوں پر133رنز کی اننگز کے باوجود ہندکی ٹیم ہدف تک نہ پہنچ سکی اور9وکٹوں کے نقصان پر254رنز تک محدود رہی۔26رنز دے کر4وکٹیں لینے والے آسٹریلوی بولر جھے رچرڈسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ فنچ خود تو صرف6رنز بنا سکے تاہم پیٹر ہینڈز کومب73،عثمان خواجہ 59اورشان مارش54رنز بناتے ہوئے ٹیم کو اچھا اسکور دینے میںکامیاب رہے ۔ مارکوس اسٹوئنز نے بھی آخری مراحل میںناقابل شکست47رنز بنائے اور مجموعی اسکور288رنز تک پہنچا دیا ۔ ہند کی جانب سے بھونیشور کمار اور کلدیپ یادو نے2،2جبکہ رویندر جدیجہ نے ایک وکٹ لی۔ ہدف کے حصول کیلئے اوپنر روہت شرما ایک اینڈ پر ڈٹے رہے لیکن دوسری جانب سے شیکھر دھون اور امباٹی رائیڈد صفر جبکہ کپتان ویرات کوہلی3رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، 4 رنز پر ہند کی 3وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس مرحلے پر سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے 137رنز کی شراکت سے بیٹنگ کو سہارا دیا لیکن 51کے انفرادی اسکور پر دھونی کے آوٹ ہونے کے بعد دنیش کارتک اور رویندر جدیجہ بھی جلد آوٹ ہو گئے، بھونیشور کمار نے شرما کا ساتھ دینے کی پوری کوشش کی اور شرما بھی اس دوران اپنی22ویں ون ڈے سنچری مکمل کرنے کے بعد مزید جارحانہ انداز میں کھیلنے لگے۔ ان کی موجودگی تک میچ ہند کے ہاتھ میں نظر آرہا تھا لیکن133رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ 221رنز کے مجموعی اسکور پر روہت شرماکے آوٹ ہوتے ہی میچ کا پانسہ بھی پلٹ گیا ۔ان کے بعد آنے والے کلدیپ یادو اور محمدشامی بھی آسٹریلوی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور 50اوورز میں254رنز پر ہند کی اننگز بھی مکمل ہو گئی اور آسٹریلیا نے اہم کامیابی سمیٹ لی۔جھے رچرڈسن کی4وکٹوں کے علاوہ مارکوس اسٹوئنز اور پہلا ون ڈے کھیلنے والے جیسن بہرنڈوفنے2،2وکٹیں حاصل کیں۔ ایک کھلاڑی کو پیٹر سڈل نے پویلین بھیجا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں