مکہ مکرمہ۔۔۔ سعودی شہریوں کی غیر ملکی بیویوں نے بتایا ہے کہ انہیں اقامہ تجدید کرنے کے علاوہ علاج معالجہ اور نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا ہے۔ ان خواتین کا مسئلہ یہ ہے کہ نکاح کے وقت احوال المدنیہ نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی شہریت سے دستبردار ی کی دستاویزات پیش کریں۔ اپنے سفارتخانے میں شہریت سے دست برداری کا سرٹیفکیٹ لینے کے بعد ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا۔ سعودی شہری سے شادی کے بعد انہیں شہریت نہیں دی گئی اور ان کے اصل ملک نے ان کی شہریت منسوخ کردی۔ مکہ مکرمہ میں ایسی بے شمار خواتین ہیں جو اس صورتحال سے دوچار ہیں۔ المدینہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ان خواتین نے کہا ہے کہ انہیں یا تو ان کی اصل شہریت واپس لوٹائی جائے یا شوہر کے ملک کی شہریت دی جائے۔ پاسپورٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ کئی مسائل کا شکار ہیں۔