حرم مکی میں حشرات کے سدباب کیلئے کمیٹی تشکیل
مکہ مکرمہ۔۔۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام میں جھینگروں کے حملے کے اسباب کا سراغ لگانے کے لئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دیدی۔مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے علاوہ حشرات کے ماہرین حرم مکی شریف میں جھینگروں کے حملے کے اسباب کے علاوہ آئندہ سد باب کے لئے لائحہ عمل طے کریں گے۔ ماہرین کی کمیٹی نے کام شروع کرتے ہوئے حرم مکی شریف کے مختلف حصوں سے نمونے لینا شروع کئے ہیں تاکہ ان کا لیباریٹری ٹیسٹ لیا جاسکے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف کے زائرین کو جھینگروں کی موجودگی سے کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ جھینگر انسان کیلئے نقصان کا باعث نہیں تاہم اس کی آواز سے پریشانی ضرور ہوتی ہے۔ دوسری طرف انتظامیہ کے تحت صفائی کمیٹی نے حرم مکی شریف سے بڑی حد تک جھینگروں کا صفایا کردیا ہے۔ مسجد الحرام کے احاطے کے علاوہ بیرونی صحنوں میں اسپرے کا عمل جاری ہے ۔ جمعہ کو ہزاروں افراد نے کسی پریشانیوں کے بغیر نماز ادا کی۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ صفائی کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ ایسا کوئی اسپرے نہ کیا جائے جس سے زائرین حرم کو نقصان ہو۔ دریں اثناء جھینگر اور دیگر حشرات کے انسداد کیلئے صفائی کارکنان کی بڑی ٹیمیں مہیا ہیں جو تین شفٹوں میں کام کررہی ہیں۔ صفائی کارکنوں کو اسپرے کے 100 سے زائد آلات فراہم کردیئے گئے ہیں۔ صفائی کا مسلسل عمل جاری رہنے کے باوجود حرم مکی شریف کو جھینگروں سے بڑی حد تک پاک کردیاگیا ہے تاہم مکمل طور پر صفایا ہنوز باقی ہے۔