پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد
کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی اہلیہ مہمان خصوصی،طالبات کی طرف سے حمد ونعت، 10 خوش نصیبوں کیلئے عمرہ ٹکٹس کی قرعہ اندازی
محمد عرفان شفیق۔ کویت
پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس برائے خواتین کا انعقاد کیا گیاجس میں کویت کے طول و عرض سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی صدر مسز روبیلہ غزل نے کی جبکہ مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید کی اہلیہ ثنا عمر جاوید تھیں۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جسکی سعادت نجیبہ نور،زینب نواز، آمنہ عامر اور زینب گلفام نے حاصل کی ۔ ہدیہ نعت ثوبیہ عاصم،ثنا ارشد، مریم منصور اور صبا ارشد نے پیش کی۔ اسلامی موضوعات پر بہترین تقاریر عائشہ عرفان، زینب اعجاز اور شفق عزیز نے پیش کیں۔ حولی پاکستان انگلش ا سکول کی طالبات نے عربی میں خوبصورت نعت پیش کی جبکہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات نے بہترین انداز میں تلاوت کلام پاک، حمد و نعت، نقابت اور خطابت کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔ اس کانفرنس کی مہمان خصوصی مسز ثنا عمر جاوید نے پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کا قیام انتہائی خوش آئند ہے اور تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس عظیم الشان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس میں شرکت پر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ انتہائی منظم اور کثیر تعداد میں خواتین کی شرکت اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات کا بہترین انداز میں تلاوت کلام پاک، حمد و نعت، نقابت اور خطابت پیش کرنا انتہائی شاندار اور قابل ستائش ہے ۔مستقبل میں بھی پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی صدر مسز روبیلہ غزل نے سیرت طیبہ اور مسلمان خواتین کی ذمہ داریوں کے موضوع پر فکر انگیز اور موثر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی عورت بحیثیت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہیں جس کی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔ عورت دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اگر دینی تعلیم کی بھی حامل ہو تو وہ بہتر انداز میں اپنے بچوں کی تربیت کر سکتی ہے۔ ایک پڑھی لکھی اور دیندار ماں آئندہ آنے والی نسلوں کی اسلامی خطوط پر بہترین تربیت کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کے قیام کا مقصد خواتین کی دینی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود ہے تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس موقع پر مہمان خصوصی کے ساتھ اسلامی فن خطاطی نمائش کا افتتاح بھی کیا۔اسلامی فنِ خطاطی کی ماہرمعلمہ مس آصفہ افضل بخش کے آرٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے تمام شرکاء ، میڈیا نمائندگان، پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی تمام ٹیم اور عمرہ ٹکٹس کے ا سپانسر العدوانی عمرہ سروس،ا سکول کی پرنسپلز اور طالبات کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ آخر میں درود و سلام اور دعا کی گئی اور 10 خوش نصیبوں کیلئے عمرہ ٹکٹس کی قرعہ اندازی کی گئی ۔ تمام ٹیموں اور طالبات میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ کمپیئرنگ کے فرائض زہرا حنیف اور فائزہ صدیقی نے انجام دیئے۔ یہ یادگار کانفرنس عشائیہ کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔