جے این یو میں نعرے بازی، پولیس چارج شیٹ پر سماعت 19جنوری تک ملتوی
نئی دہلی۔۔۔۔جے این یو نعرے بازی معاملے میں پولیس کی جانب سے داخل کی جانے والی چارج شیٹ پر سماعت 19جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ آج پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہونیوالی تھی تاہم جج کے چھٹی پرچلے جانے سے کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔واضح ہوکہ ملک کے خلاف نعرے بازی کرنے پر دہلی پولیس کی خصوی ٹیم نے پیر کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی ۔ پولیس کی جانب سے چارج شیٹ میں جواہر لال یونیورسٹی طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار سمیت 10افراد کے نام شامل ہیں۔پولیس 3سال کی تحقیقات کے بعد 1200صفحات پر مشتمل چارج شیٹ اور دیگر دستاویزات لیکر عدالت میں پہنچی۔چارج شیٹ میں کنہیا اور دیگر ملزمان کی جانب لگائے گئے 12نعروں کی لسٹ پیش کی گئی۔ان میں ’’ہم لے کے رہیں گے آزادی۔۔۔، سنگ باری والی آزادی۔۔۔، بھارت تیرے ٹکڑے ہونگے۔۔۔،کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی۔۔۔،بھارت ملک کو ایک جھٹکا اور دو۔۔۔۔، بھارت کو ایک رگڑا اور دو۔۔۔، تم کتنے مقبول ماروگے؟۔۔۔، انڈین آرمی کو دو رگڑا۔۔۔وغیرہ نعرے شامل ہیں۔
کنہیا سمیت 10افراد کے نام شامل؟
چارج شیٹ میں جے این یو طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا ، سید عمر خالد اور انیربا بھٹا چاریہ، عاقب حسین، مجیب حسین، منیب حسین، عمر گل، رئیس رسول، بشارت علی اور خالد بشیر بھٹ کے نام درج ہیں۔اس معاملے کے گواہوں کے بیانات سی آر پی سی کی ایسی دفعہ کے تحت لئے گئے ہیں کہ اگرکوئی بھی گواہ بیان سے منحرف ہواتو سزا کا مستحق ہوگا۔علاوہ ازیں پولیس نے فارنسک اور فیس بک کے ذریعے بھی ثبوت جمع کئے ۔