وزیر اعلیٰ کیجریوال کی بیٹی کو اغوا کی دھمکی دینے والازیرحراست
نئی دہلی ۔۔۔۔ وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال کوای میل کرکےان کی بیٹی ہرشیتا کو اغوا کرنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں دہلی پولیس کی خصوصی ٹیم نے وکاس نامی شخص کو رائے بریلی سے حراست میں لے لیا۔پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ وہ بہار کے ضلع موتیہار ی کا رہنے والا ہے اور دہلی میں ایس ایس سی کی تیاری کیلئے اپنی بہن کے گھر ٹھہرا ہوا ہے۔عدالت سے اجازت کے بعد اسے گرفتار کرلیا جائیگا۔ دہلی پولس کی اسپیشل ٹیم کے افسرنے بتایا کہ 9جنوری کی شام کو وقفے وقفے سے3ای میل بھیجے گئے۔ پہلے ای میل میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کی بیٹی کو دھمکی دی گئی،دوسرے ای میل میں دھمکی سے متعلق مختلف باتیں اور تیسرے ای میل میں آئی ڈی سے یہ بتایا گیا کہ یہ میل محض مذاق ہے۔واضح ہو کہ اس سے قبل 2017 میں بھی وزیر اعلیٰ کیجریوال کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا تھا۔ اس میل میں کیجریوال کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔