Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبایلی ایس سی سی نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنزٹرافی سپر6 مرحلہ میں

معظم اور ہمایوں کی 259رنزکی ریکارڈ ناقابل شکست اوپننگ پارٹنرشپ، وقاص فدا کی سنچری
سید مسرت خلیل۔ جدہ
موبایلی ٹیلیکوم سعودی عربیہ کے تعاون سے سعودی کرکٹ سینٹر(ایس سی سی ) کے زیراہتمام پہلی موبایلی نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمییئز ٹرافی 2019 سپر6 مرحلہ میں داخل ہوگئی۔ایس سی سی میڈیا کوارڈ ینیٹرسید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق گروپ "اے" سے ویسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈبلیو پی سی اے) اورعسیر کرکٹ لیگ (اے سی ایل) نے سپر6 مرحلے میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کوالیفائنگ راونڈ میں ایس سی سی میں شامل 12 ریجنل ٹیموں نے حصہ لیا ۔ان ٹیموں کو3 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ گروپ "اے" میں ڈبلیو پی سی اے، اے سی ایل، نجران کرکٹ ایسوسی ایشن (این سی اے)، جازان ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (جے آر سی اے) شامل تھیں۔ 
کوالیفائنگ راونڈ گروپ "اے" کے پہلے میچ میں ڈبلیو پی سی اے نے اے سی ایل کو 101رنز سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 3وکٹوں پر249رنز بنائے۔ اوپنر شمس الدین نے69اور معظم نے 100رنز بنائے۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر 152رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ عبدالواحد 49رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان فراست اللہ آفریدی نے تینوں وکٹیں 40رنزکے عوض حاصل کیں۔ جواب میں اے سی ایل 148 پرآل آوٹ ہوگئی ۔ضیغم عباس نے 38رنز بنائے۔ عبدالواحد اور عمران یوسف نے 3،3اور ملک نعیم نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ محمد معظم مین آف دی میچ قرارپائے۔
دوسرے میچ میں این سی اے نے جے آرسی اے کو5وکٹوں سے ہرادیا۔ جے آر سی اے نے 7وکٹوں پر 233رنز بنائے۔ محمد طاہر مشتاق، عقیل پرویز اور وسیم اختر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 69،36اور 44رنز بنائے۔ کپتان اویس اور مظہر خان نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں این سی اے وقاص فدا کی شاندارسنچری کی بدولت 5وکٹوں پر مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ وقاص نے 52گیندوں پر 11چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 131رنزبنائے۔ سفیان نے 31اورحبیب الرحمن نے 24 رنز بنائے۔ عمران قیصر اور فرازایوب خان نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ فدا وقاص مین آف دی میچ قرار پائے۔
تیسرے میچ میں ڈبلیو پی سی اے نے جے آر سی اے کو5 وکٹوں سے ہرادیا۔ جے آر سی اے نے8وکٹوں پر 172رنز بنائے۔ محسن علی لیاقت نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے۔کپتان شعیب علی نے 33رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فاتح ٹیم نے5وکٹوں پر وننگ ٹارگٹ حاصل کرلیا۔عبدالواحد نے 79اوراحمد شمس الدین نے 32رنز بنائے۔وسیم اختر اورتنویراحمد بشر نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔
چوتھے میچ میں اے سی ایل نے جے آر سی اے کو 18رنز سے ہرادیا۔ اے سی ایل نے 7وکٹوں پر 214رنز بنائے۔ کپتان فراست اللہ نے 65رنز بنائے ا ور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ابرار مشتاق نے 35رنزاسکور کیا۔ کپتان وسیم اختر، محسن علی لیاقت اور عمران قیصرنے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جے آرسی اے نے وننگ ٹارگٹ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر مقررہ 20اوورز میں
 6وکٹوں پر 196رنز بناسکی۔عقیل پرویز، محسن علی اور وسیم اختر نے بالترتیب 47،36اور28رنز بنائے۔
پانچویں میچ میں اے سی ایل نے این سی اے کو84رنز سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 9وکٹوں پر234رنز بنائے۔اوپنر ضیغم عباس 82اور محمد ندیم51رنز پہلی وکٹ پر 116رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ نبیل عثمان 22اورطاہر رشید 27رنز ناٹ آوٹ نے اسکور میں مزید اضافہ کیا۔ عمران حسین نے 4وقاص فدا اور محمد عرفان نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں این سی اے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 150رنز بنا سکی۔ نبیل عثمان 3اور فراست اللہ نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ضیغم عباس کو مین آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔
راونڈ کے آخری اور چھٹے میچ میں ڈبلیو پی سی اے نے این سی اے کو 126رنز شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں بغیرکسی نقصان کے ریکارڈ 259 رنز بنائے۔ اوپنرز محمد معظم اور محمد ہمایوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراونڈ کے چاروں طرف شانداراسٹروک کھیلے۔ محمد معظم نے 56گیندوں پر 3چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے 100رنز ناٹ آوٹ بنائے۔ ٹورنامنٹ میں یہ ان کی دوسری سنچری تھی۔ محمد ہمایوں نے 64گیندوں پر 7چھکوں اور19چوکوں کی مدد سے ریکارڈ 152رنزکی ناٹ آوٹ اننگ کھیلی۔ نجران کے کپتان اویس نے 7بولرز آزمائے مگر کوئی بھی شراکت نہ توڑسکا۔ جواب میں اے سی ایل مقررہ 20میں 7وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بناسکی۔ وقاص فدا نے مزاحمت کرتے ہوئے 49گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 62رنزناٹ آوٹ بنائے۔ ابرار الحق26اور احسان اللہ نے 25رنز دیکر 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ محمد ہمایوں کومین آف دی میچ کا اعزازحاصل ہوا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: