پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم میں متبادل نہ ہونا تشویشناک ہے
کراچی: پاکستان کی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک کولز نے کہا ہے کہ ہمارے پاس متبادل کھلاڑیوں کا نہ ہونا تشویشناک ہے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریزآسان نہیں ہوگی۔ سیریز کیلئے شروع ہونے والے کیمپ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز نے کہا کہ آج کے دور میں ویمنز کرکٹ بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے لیکن پاکستان کے پاس متبادل کرکٹرز موجود نہیں جو ضرورت پڑنے پر یا وقت کے ساتھ ٹیم کا حصہ بن سکیں اورہمیں دستیاب کھلاڑیوں پر ہی انحصار کرنا پڑ رہا ہے ۔ سینیئرکرکٹرزکا متبادل سامنے لانے کیلئے گراس روٹ پرکام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں خامیوں کو دورکرنے کی کوشش کریں گے لیکن پاکستانی کرکٹرزکی فزیکل فٹنس کومطلوبہ معیار تک لانے میں وقت لگے گا۔ ہمیں کرکٹ کے تینوں شعبوں میں کارکردگی بہتربنانے کی ضرورت ہے ۔ کیمپ کے دوران بیٹنگ کوچ اینڈی رچرڈزکی مدد سے صورتحال بہتر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں