’’ماسا‘‘ کی جانب سے شیخ لقمان کے اعزاز میں الوداعی تقریب
’’زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا ہے‘‘،واپس جاکر وطن میں اس کام کو جاری رکھوں گا،انسانیت کی خدمت ہی میرا مشن ہے، شیخ لقمان
زبیر پٹیل ۔ جدہ
ان دنوں مملکت بھر میں الوداعی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں سعودی عرب میں میمن کمیونٹی ’’ماسا‘‘ کی جانب سے شیخ لقمان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی کی چنیدہ اور معروف شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولپیش کی گئی جس کے بعد ماسا کے جنرل سیکریٹری طیب موسانی نے شیخ لقمان کی زندگی کے حوالے سے بہت سارے واقعات کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے جب بھی شیخ صاحب کو آواز دی انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ اتنی رات گئے کیوں کال کی ہے؟بلکہ خوشی خوشی کام انجام دیئے۔ شیخ لقمان 45سال قبل اسو قت مملکت آئے جب یہاں زندگی کی آسائشیں نہ ہونے کے برابر تھیں۔ انہوں نے مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں اپنی خدمات ایمانداری و خوش اخلاقی سے انجام دیں۔پروگرام میں موجود تمام افراد نے اپنے اور شیخ صاحب کے حوالے سے کافی ساری باتیں دیگر افراد سے شیئر کیں ۔شیخ لقمان کے وطن واپس جانے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ صاحب جدہ کی ادبی، دینی و سماجی محافل کے روح رواں سمجھے جاتے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ ہندوستانی، سری لنکن، برمی اور فلپائنی کمیونٹی میں بھی وہ بیحد مقبولیت رکھتے ہیں۔ وہ ہر سال حاجیوں کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی وہ حاجیوں کی خدمت کیلئے پاکستانی حج مشن کیساتھ منیٰ میں موجود تھے۔2008ء میں شیخ صاحب نے تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والی میمن برادری کو ایک ہوٹل میں مدعو کیا اور اپنے خطاب کے دوران ’’ماسا‘‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ پروگرام میں عالمی اردو مرکز جدہ کے صدر اطہر نفیس عباسی نے اپنا کلام پیش کیا جسے حاضرینِ محفل نے بیحد پسند کیا۔ معروف فکایہ کالم نگار محمد امانت اللہ نے طنز و مزاح سے بھرپور کالم پیش کرکے محفل میں رنگ بھر دیا۔جدہ کے معرو ف شاعر زمرد سیفی، سراج آدمجی اور شمس الدین الطاف نے بھی اس موقع پر اپنا کلام پیش کیا۔آخر میں شیخ لقمان نے حاضرین محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا ہے‘‘۔ انسان کیلئے پیسہ کمانا اتنا مشکل نہیں جتنا عزت کمانا ہے۔ میں خوبصورت یادوں کیساتھ وطن واپس جارہا ہوں۔ آپ سب کی محبت اور خلوص کو کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔ واپس جاکر اپنے ملک میں اس کام کو جاری رکھوں گا۔ انسانیت کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔اس موقع پر جن لوگوں نے خطاب کیا، ان میں محمد چھاپرا، احمد عبدالکریم گاڈت، انور کامدی، فواد چھاپرا، آفتاب میمن، انور بخشی ، اشرف تیلی، فیصل لقمان، عبدالرشید کاسمانی، عبدالرحمن مرچنٹ، یعقو ب موسانی، شعیب سکندر، سراج آدمجی، شبیر پٹیل، احمد کمال مکی اور صدر’’ ماسا‘‘ عرفان کولسا والا شامل تھے۔پروگرام کا اختتام پرلطف ڈنر پر ہوا۔