آئی سی سی کی روایتی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیمیں،کوہلی کپتان مقرر
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سال کی بہترین روایتی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کردیا۔ پاکستان کے صرف ایک کھلاڑی فاسٹ بولر محمد عباس ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بن سکے ہیں جبکہ ون ڈے ٹیم کوئی پاکستانی کرکٹر جگہ نہیں بنا سکا۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے سال کی اپنی دونوں بہترین ٹیموں کا کپتان، ہندوستانی ٹیموں کے قائد ویرات کوہلی کو مقرر کیا ۔اعلان کردہ دونوں ٹیموں میں ہند ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹرز نمایاں ہیں۔ ٹیسٹ ٹیم میں 3 ہندوستانی اور 3 نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ون ڈے ٹیم میں ہند اور انگلینڈ کے 4،4 کھلاڑیوں کوجگہ دی گئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہوں گے اور اس کے بولرز میں پاکستان کے محمد عباس کو بھی جگہ دی گئی ہے ۔آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ہند کے نوجوان وکٹ کیپرکے رشبھ پنت اور جسپریت بمرا، نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم، کپتان کین ولیمسن اور ہینری نکولز، سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے، ویسٹ انڈیز کے کپتان اور آل راونڈر جیسن ہولڈر، جنوبی افریقہ کے کا گیسو ربادا اور آسٹریلیا کے ناتھن لیون شامل ہیں۔ آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں کیا گیا ۔ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے کپتان بھی ویرات کوہلی ہی ہیں جبکہ ان کے ہم وطن روہت شرما، کلدیپ یادو، جسپریت بمرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو، جوئے روٹ، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن اور افغانستان کے راشد خان شامل ہیں۔سال کی بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ انہیں سال کی بہترین ٹیموں کا کپتان بنائے جانے پر فخر ہے۔2018 ءمیرے لئے بہترین سال رہا۔ میں نے ہمیشہ اپنا روایتی اور بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں نہ صرف ہندوستانی ٹیم نے کامیابیاں سمیٹیں بلکہ مجھے اس اعزاز کا حقدار بھی بنا دیا ۔انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ کا کہنا تھا کہ سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں انہیں شامل کیا گیا جو ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔'میرے ساتھ میری ٹیم کے مزید 3 کھلاڑی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں، جو اس اعزاز کو مزید خاص بناتا ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی اپنے اور اپنے ساتھیوں کے نام ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہونے کو اعزاز قرار دے دیا۔ یاد رہے کہ خواتین کی سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں پاکستان کی سابق کپتان اورآل راونڈر ثنا ءمیر کو شامل کیا گیا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں