خشک آلو بخارا بہت سے فوائد کا حامل
خشک آلو بخارا اپنے کھٹے میٹھے ذائقے کے باعث کھانے میں بہت پسند کیاجاتا ہے . ذائقے اور لذت کے ساتھ ساتھ یہ حیرت انگیز فوائد سے بھی مالا مال ہے . خشک آلو بخارا وٹامن کے ، آئرن ، فائبر ، پوٹاشیم اور بیٹاکیروٹین سے بھرپور ہوتا ہے .
خشک آلو بخارے کا جوس جسم میں آئرن کی کمی کو دورکرنے میں مدد دیتا ہے . آئرن کی کمی کے سبب خون کے سرخ خلیات میں کمی واقع ہوتی ہے جو اینیمیا یعنی خون کی کمی کا سبب بنتی ہے . آلو بخارے کے جوس کا آدھا کپ جسم کو تین میل گرام آئرن فراہم کرتا ہے . اسطرح خون کی کمی کے مسئلے سے باآسانی نمٹا جا سکتا ہے .
خشک آلو بخارا پوٹاشیم سے بھرپور ہونے کے سبب دل کے مناسب افعال کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے . پوٹاشیم کے استعمال سے بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے اور امراض قلب ، ہارٹ اٹیک ، فالج اورغشی جیسے امراض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے . خشک آلوبخارا جسم کی پوٹاشیم کی ضرورت پوری کرنے میں مدد دیتا ہے .
خشک آلو بخارا وٹامن اے کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے . یہ وٹامن بینائی کے لیے ضروری ہے . روزانہ ایک آلو بخارے کا استعمال ضروری وٹامن کی تین فی صد مقدار جسم کو فراہم کرتا ہے . وٹامن اے کی کمی سے آنکھوں کی خشکی اور موتیا جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے . خشک آلو بخارے کا استعمال اس قسم کے مسائل سے بچا سکتا ہے .
خشک آلو بخارا ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مدد دیتا ہے . یہ ہڈیوں کے بھربھرے پن کو ممکنہ طور پر روکتا ہے اور جوڑوں کے دردکے شکار افراد کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے . اسکااستعمال ہڈیوں کو بیس فی صد زیادہ مضبوطی فراہم کرتا ہے .
آلوبخارا بالوں کی نشونمااور جلد کی خوبصورتی کے لیے بھی مفید ہے . یہ آئرن کی کمی کو دور کر کے بالوں کوگرنے اور قبل از وقت سفید ہونے سے روکتا ہے . اس میں موجود وٹامن بی ، سی اورمنرلز بالوں کو مضبوط بنانے اور جلد پر جھریاں نمودار ہونے سے روکنے میں مدد دیتے ہیں .