سانحہ ساہیوال: ذمہ داروں کا تعین کرکے وعدہ پورا کیا‘ عثمان بزدار
لاہور: پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے سانحہ ساہیوال پر انصاف فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کرکے دکھایا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے 72 گھنٹے میں ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ کے پیش نظر فیصلہ کرکے ذمے داران کا تعین کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور قانون سے تجاوز کرنے والوں کی یہاں کوئی گنجائش نہیں۔ صوبائی حکومت انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے۔ سب سن لیں کہ قانون، میرٹ اور انصاف کی فراہمی ہی ہماری ترجیح ہے اور یہی عمران خان کی حکومت کا وعدہ ہے۔