Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینڈائل فلیکوا کی خوش قسمتی پر سرفراز احمد کا جذباتی انداز

ڈربن:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں اچانک کہے گئے جملے نے جنگل کی آگ کی طرح"شہرت"اختیار کرلی۔ اس جملے کو نسل پرستانہ کہا جا رہا ہے حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں یہ صرف ٹیم کو شکست کی جانب جاتے دیکھ کر بے چینی کا اظہار تھا جس نے الفاظ کی شکل لے لی۔اگر یہ کہا جائے کہ جنوبی افریقہ کے سیاہ فام آل راونڈر اینڈائل فلیکوا کا یہ دن تھا توغلط نہ ہو گا۔ یہ ایک کھلاڑی ہی پورے میچ پر چھایا رہا اور سرفراز کی بے چینی کو زبان پر لے آیا۔اینڈائل فلیکوا نے خوبصورت فیلڈنگ کرتے ہوئے امام الحق اور بابر اعظم کا کیچ پکڑا اس کے بعد عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 22رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جس میں سرفراز احمد کو کلین بولڈ کیا جبکہ محمد حفیظ ، شعیب ملک اور حسن علی کواپنی نپی تلی بولنگ کے ساتھ کیچ آوٹ کرا یا۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئے تو 2چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 69رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقہ کے سیاہ فام کھلاڑی کے لئے بولے گئے اس جملے کو لوگوں نے نسل پرستانہ ریمارکس کے زمرے میں ڈالتے ہوئے سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پاکستانی سابق فاسٹ بولر شعیب اخترنے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی کپتان کی جانب سے کہے گئے جملے کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ سرفراز کو فی الفور معافی مانگنی چاہیے۔اسلام آباد یونائٹیڈ کے منیجر ریحان الحق نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وہ کھیل کے دوران ہلکی پھلکی نوک جھونک کی تائید کرتے ہیں لیکن نسل پرستانہ رویہ قطعی طور پر قابل قبول نہیں ہے اور شائقین اور کھلاڑیوں دونوں کو اس بارے میں مزید آگاہی دینا ضروری ہے۔سرفراز احمدکپتان ہیں اور انہیں اس بارے میں زیاداحتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ایک اور صارف انعم ندیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ سکندر بخت کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فقرے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: