70 ویں یوم جمہوریہ ہند کا جشن سید عزیز محی الدین کے دولت خانہ پر منایا گیا
ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے ، عثمان بن یسلم بن محفوظ،بسام ،وقار،شہزاد اور ریحان نے ملی نغمے سنائے
جدہ ( امین انصاری ) 70 ویں یوم جمہوریہ ہند کا جشن سید عزیز محی الدین کے دولت خانہ پر عثمان بن یسلم بن محفوظ کی زیر صدارت منعقد کیا گیا ۔ تقریب میں جدہ کی معروف شخصیات سید عامر صدیقی، اکبر پیراں ، شہزاد خاں، مرزا امتیاز بیگ ، سید وقار محی الدین(المعروف سعد ) بسام پیراں ،ریان اور دیگر احباب نے شرکت کی ۔ صدر تقریب عثمان بن یسلم بن محفوظ نے یوم جمہوریہ کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ پوری آزادی کے ساتھ اپنے مذہب پر نہ صرف قائم و دائم ہیں بلکہ اس کا کھلے عام اظہار بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ہندوستان کا آئین کچھ اسطرح بنایا گیا کہ ہر شخص کے ملی ، سماجی اور مذہبی اقدار کا خیال رکھا گیا ۔ یہی وجہ ہے ہمیں اپنے ملک کے آئین پر فخر ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر آزادی ہند کی تحریک میں شہید ہونے والے شہداء کا بھی ذکر کیا ۔عامر صدیقی نے کہاکہ آزادیٔ ہند میں مسلمانوں کی قربانیوں کو قیامت تک یاد رکھا جائے گا ۔ ملک کی بقا اور ترقی میں مسلمانوں کے کردار پر انہوں نے تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پرمشہور زمانہ انٹرنیشنل سنگر بسام پیراں نے اپنی پرکشش آواز میں ملی ، قومی اور فلمی نغمے سنا کر محفل کے حسن کو دوبالا کیا ۔ انہو ں نے ملی نغمہ " میرے دیش کی دھرتی " سنایا تو شرکائے محفل نے بھرپور انداز میں ان کا ساتھ دیا اور عش عش کرتے رہے ۔ اس موقع پر مرزا امتیاز بیگ ،شہزاد خان، وقار اور ریحان نے بھی اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے سامعین کو محظوظ کیا ۔ سید عزیز محی الدین نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کیا اور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جشن یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی ۔