جدہ۔۔۔ جدہ شہر میں اتوار کو گردو غبار کے طوفان نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو پریشان کرکے رکھ دیا۔ حد نظر بے حد محدود ہوگئی۔ دن کے وقت بھی گاڑیوں کے ڈرائیور لائٹس جلانے پر مجبور ہوگئے۔ محکمہ صحت نے تنفس کے مرض میں مبتلا سعودیوں اور غیر ملکیوں کو ہدایت کی کہ وہ گھر وں سے نہ نکلیں۔ ہلال احمر کے ترجمان عبداللہ ابو زید نے تمام لوگوں خصوصاً تنفس کے مریضوں سے اپیل کے کہ وہ گھروں سے انتہائی ضرورت کے تحت ہی نکلیں۔ دوسری جانب شہری دفاع کے اہلکاروں نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتیں، سب ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ ایمبولینسوں کو گزرنے کا موقع دیں۔ حادثات کی صورت میں اطراف جمع نہ ہوں۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین دو روز سے خبردار کررہے تھے کہ اتوار سے گردوغبار کا طوفان پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ ماہرین موسمیات کی اطلاع کے مطابق پورا ہفتہ موسم غیر یقینی رہے گا۔ موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔